وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ 23 نومبر کو صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں حکومت اسکول بند کرنے کی تجویز پیش کرے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام ‘جرگہ’ میں بات کرتے ہوئے شفقت محمود نے کہا کہ ملک میں کورونا وبا کے بڑھتے کیسز اور اموات میں تعداد میں مسلسل اضافے کے پیش نظر حکومت پیر کو تمام اکائیوں کے اجلاس میں 25 نومبر سے اسکول بند کر دینے کی تجویز پیش کرے گی۔
کورونا کی دوسری لہر میں شدت، ایک ہی روز میں 59 افراد جاں بحق
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تجاویز میں کیمپس کے بجائے گھر پر تعلیم حاصل کرنے کا آپشن شامل ہو گا۔
شفقت محمود نے بتایا کہ وفاقی حکومت یہ تجویز پیش کرے گی کہ اساتذہ اسکول آئیں مگر بچے ان سے آن لائن تعلیم حاصل کریں، جہاں آن لائن کا سلسلہ ممکن نہ ہو وہاں بچے ایک دن کے لیے اسکول آ کر ہوم ورک لے جائیں۔
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت مسلسل بڑھ رہی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 افراد اس وبا کے ہاتھوں انتقال کر گئے ہیں۔
والدین اور عوامی حلقے بھی اسکولوں کی بندش پر زور دے رہے ہیں، اگرچہ بچوں کے لیے کورونا وائرس زیادہ خطرناک نہیں سمجھا جاتا مگر وہ اسے گھر کے دیگر افراد تک منتقل کر سکتے ہیں اور پھر یہ سلسلہ آگے بڑھتا جاتا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 2665 نئے مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد ملک میں مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 74 ہزار 173 ہو گئی ہے، اب تک اس وبا سے 7662 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 36 ہزار 683 تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 1897 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے نجات پانے والوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 29 ہزار 828 ہو گئی ہے۔