آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ نے پاکستان ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دے دیا ہے۔
آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان آسٹریلوی بلے باز نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک سیشن کے دوران مداحوں کے سوالوں کے جواب دیے۔
ایک مداح نے پاکستان ٹیم میں سے اپنا پسندیدہ کھلاڑی چننے کو کہا جس پر اسٹیو اسمتھ کا کہنا تھا کہ وہ بابر اعظم کو پسند کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو کھیلتے دیکھنا اچھا لگتا ہے۔
یاد رہے یہ پہلا موقع نہیں ہے جب اسٹیو اسمتھ نے ان کی تعریف کی ہو، رواں سال کے آغاز میں بھی اپنے ایک بیان میں انہوں نے بابر اعظم کو بہترین بلے باز قرار دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ایک بہترین کھلاڑی ہیں، جب وہ بیٹنگ کرتے ہیں تو ان کے پاس کافی وقت ہوتا ہے۔
اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر روی چندرن ایشون نے پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو ملین ڈالر پلیئر قرار دیا تھا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کے ہمراہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر بات کرتے ہوئے ایشون کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ملین ڈالر کھلاڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر نے آسٹریلیا میں سنچری اسکور کی، اس کو بیٹنگ کرتے دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہوتا ہے۔
یاد رہے پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے فائنل میں اپنی ٹیم کراچی کنگز کو چیمپیئن بنانے والے بابر اعظم اس وقت دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ موضوع بحث کھلاڑی ہیں۔
26 سالہ بلے باز قومی کرکٹ ٹیم کے تینوں فارمیٹس کے کپتان ہیں۔