وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سابق وزیراعظم اور ان کے صاحبزادوں کو پاکستان آ کر اپنی والدہ کے جنازے میں شرکت کرنے کا پیغام دیا ہے۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، ان کے سمدھی اسحاق ڈار اور صاحبزادوں حسن اور حسین کے پاکستان آنے پر کوئی قدغن نہیں۔
انہوں نے لکھا کہ نواز شریف ان کے بیٹے اور سمدھی اسحاق ڈار مرحومہ بیگم شمیم اختر صاحبہ کے جنازے میں شرکت فرما کر ثواب دارین حاصل کریں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ریاستی جبر کا پروپیگنڈہ دانستہ اس معاملے میں سیاست کرنا ہے۔ آپ کسے بے وقوف بنا رہے ہیں؟
نواز اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر دوروز قبل 90 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کرگئی تھیں۔
مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب کے دوران اپنی دادی کی وفات کی اطلاع ملی تھی جس پر انہوں نے جلسے سے شرکاء سے معذرت کر کے لاہور کے لیے راونگی اختیار کی تھی۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں انہوں نے نواز شریف سے پاکستان نا آنے کی درخواست بھی کی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی حکومتی شخص میں اتنی انسانیت نہیں تھی کہ مجھ تک دادی کی وفات کی اطلاع پہنچا دیتے۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے میاں صاحب کو درخواست کی ہے کہ بالکل واپس نا آئیں۔ یہ ظالم اور انتقام میں اندھےلوگ ہیں جن سے کسی بھی قسم کی انسانیت کی توقع نہیں۔
ایک پیغام میں انہوں نے لکھا تھا کہ میاں صاحب کے سر سے ماں کا دعاؤں بھرا سایہ اٹھ گیا، دادی کے انتقال کی خبر مجھے فون سروسز معطل ہونے کی وجہ سے دو گھنٹے تاخیر سے ملی جس کے بعد میں فورا لاہور کی لیے روانہ ہو گئی۔
دوسری جانب منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے ریفرنس میں کوٹ لکھپت جیل میں موجود شہباز شریف اور ان کے صاحبزادوں نے جنازے میں شرکت کے لیے پیرول کی درخواست دی تھی۔