ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے ریپڈ کورونا ٹیسٹ کٹ کی منظوری دے دی ہے۔
سربراہ ڈریپ ڈاکٹر عاصم نے کورونا ٹیسٹ کٹ رجسٹریشن کی تصدیق کی۔
اپنے پیغام میں ڈاکٹر عاصم روف کا کہنا تھا کہ کورونا ریپڈ ٹیسٹ کٹ غیر ملکی فارما کمپنی نے رجسٹرڈ کرائی ہے اور اسے یہی دوا ساز کمپنی درآمد بھی کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ریپڈ ٹیسٹ کٹ جرمنی کی تیار کردہ ہے۔
سی ای او ڈریپ کا کہنا تھا کہ ریپڈ ٹیسٹ کٹ کورونا کی ابتدائی تشخیص 20 منٹ میں کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا ریپڈ ٹیسٹ کی ابتدائی فیس دو ہزار روپے تک ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریپڈ ٹیسٹ کٹ ناک کی رطوبت سے کورونا ٹیسٹ کرے گی، تربیت یافتہ ماہرین ریپڈ ٹیسٹ کٹ استعمال کرسکیں گے۔
ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ ریپڈ رزلٹ کا مریض کی حالت، کلینکل ہسٹری سے موازنہ کرنا ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ ریپڈ ٹیسٹ کٹ کورونا ڈونر اسکریننگ کے لیے استعمال نہیں ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ریپڈ ٹیسٹ کٹ کی رجسٹریشن بڑی کامیابی ہے، اس سے کورونا کی جلد تشخیص ممکن ہو گی۔
سی ای او ڈریپ کا کہنا تھا کہ کورونا کی جلد تشخیص سے بروقت علاج ممکن ہو سکے گا۔