سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی صاحبزادی عائشہ زہری کورونا کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔
نواب ثناء اللہ زہری کی 22 سالہ صاحبزادی عائشہ زہری کا انتقال کل ہوا، ان کی تدفین کراچی میں کی جائے گی۔
عائشہ زہری گزشتہ دنوں کورونا میں مبتلا ہوئی تھیں جس کے بعد انہیں کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کی تمام تر کوششوں کے باوجود ان کی طبیعت بہتر نہ ہوئی اور وہ انتقال کر گئیں۔
پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر شدت اختیار کرتی جا رہی ہے، روزانہ کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے 2954 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ 48 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
ملک میں کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہو گئی ہے، اب تک اس وبا سے 7744 افراد انتقال کر چکے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد 40 ہزار 379 تک پہنچ گئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 875 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے نجات پانے والوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 760 ہو گئی ہے۔