پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سابق ڈائریکٹر جنرل آصف غفور سمیت 6 افسران کو ترقی دے دی گئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے 6 میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدے پر پروموٹ کر دیا گیا ہے۔
ترقی پانے والے افسران میں میجر جنرل حسن اظہر، میجر جنرل اظہر حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل سلیم فیاض غنی، میجر جنرل سرفراز علی خان اور میجر جنرل محمد علی شامل ہیں۔
ترقی پانے والے ایک افسر آصف غفور پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سابق سربراہ ہیں۔
رواں برس جنوری میں میجر جنرل آصف غفور کی جگہ میجر جنرل بابر افتخار کو پاکستان کی فوج کا نیا ترجمان مقرر کیا گیا تھا۔
اپنی حاضر جوابی کے باعث میڈیا میں مقبول رہنے والے آصف غفور اکثر تنازعات کا شکار بھی رہے ہیں، ان کی چند ٹویٹس کو کافی بحث کا نشانہ بنایا گیا تھا۔