روس کے سائنسدانوں نے ایک اور کورونا ویکسین ‘ویپی ویک’ 5 رضاکاروں کو کلینکل ٹرائل کے طور پر لگا دی ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق روس کے نووسیبیرسک ریسرچ سینٹر کی طرف سے بنائی گئی کورونا کی دوسری ویکسین اپنی تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔
ماہرین کے مطابق اس ویکسین کی رجسٹریشن کا مرحلہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد ویکسین کو 60 سال سے زائد عمر کے 5 رضاکاروں کو لگایا گیا ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ 60 سال سے زائد عمر والے 150 رضاکاروں کو ویکسین کے آزمائشی استعمال کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ 18 سال سے 60 سال کی عمر کے افراد کو آزمائش کے لیے منتخب کیا جا رہا ہے اور اس عمل کو بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔
نووسیبیرسک ریسرچ سینٹر کے بیان کے مطابق مجموعی طور پر ویکسین کے ٹیسٹ کے لیے 3000 رضاکار حصہ لیں گے۔
ووسیبیرسک ریسرچ سینٹر نے بتایا ہے کہ ادارے کے ماہرین ایک دوسری ویکسین کی تیاری پر بھی کام کر رہے ہیں، یوں مجموعی طور پر روس تین کورونا ویکسین کرانے والا پہلا ملک بن جائے گا۔
اس سے قبل سعودی عرب کی سربراہی میں ہونے والے جی ٹونٹی اجلاس میں روسی صدر ولادی میر پوٹن نے غریب ممالک کو اپنی پہلی کورونا ویکسین اسپوٹنک وی فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔
ورچوئل اجلاس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے روس کے صدرکا کہنا تھا کہ ہر شخص کو مؤثر اور محفوظ کورونا ویکسین فراہم ہونی چاہیئے جس کے لیے روس ضرورت مند ممالک کو اپنی خدمات پیش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گروپ ٹونٹی کے اس اجلاس کے دنیا کو منصفانہ طور پر موثر اور محفوظ کورونا ویکیسن کی فراہمی کے مسودے کے حامی ہیں اور ضرورت مند ممالک کو اپنی کورونا ویکسین اسپوٹنک وی فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔