ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کے لیجنڈ کھلاڑی ڈیگو میراڈونا 60 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، بدھ کے روز انہیں دل کا دورہ پڑا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکے۔
30 اکتوبر 1960 کو ارجنٹائن کے شہر بیوس آئرس میں پیدا ہونے والے میراڈونا کا تعلق ایک غریب گھرانے سے تھا مگر فٹ بال کا جنون اسکول دور سے ہی ان پر طاری ہو گیا۔
بہت جلد وہ فٹ بال کے ماہرین کی نظروں میں آ گئے اور ان کا بین الاقوامی کیرئیر شروع ہو گیا جس دوران انہوں نے 91 میچوں میں 34 گول کیے۔
1986 میں میراڈونا کی قیادت میں ارجنٹائن نے فٹ بال کے عالمی کپ میں شرکت کی اور ان کی ٹیم فائنل میں مغربی جرمنی کو شکست دے کر عالمی چیمپئین بن گئی۔
اس ٹورنامنٹ میں میراڈونا بہترین کھلاڑی قرار دیے گئے۔ کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کے خلاف دو گولوں نے ان کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔
ان میں سے ایک گول کو فیفا کی جانب سے 2002 میں آن لائن پول کے بعد صدی کا بہترین گول قرار دیا گیا۔
1990 کے عالمی کپ کے دوران ارجنٹائن کی ٹیم فائنل تک پہنچ گئی مگر مغربی جرمنی سے شکست کھا کر اپنا اعزاز کھو بیٹھی۔
میراڈونا اپنی زندگی میں بہت سے تنازعات کا شکار بھی رہے اور کئی بار ان پر پابندی عائد کی گئی۔
1991 میں دوپ ٹیسٹ پازیٹو آنے پر میراڈونا پر 15 ماہ کے لیے پابندی عائد کی گئی۔ اسی طرح 1994 کے ورلڈ کپ کے دوران بھی وہ ممنوعہ ادویات کا استعمال ثابت ہونے پر پابندی کا شکار ہوئے۔ اس سے تین سال بعد 1997 میں انہوں نے فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
بعدازاں میراڈونا کو صحت کے حوالے سے مسائل کا سامنا رہا اور وہ منشیات کے عادی بھی رہے۔