پاکستانی کرکٹ ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے آغاز میں ہی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے، ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آ گئے ہیں۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم ٹی20 اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے چند دن قبل ہی نیوزی لینڈ پہنچی ہے جہاں سیریز سے قبل قومی ٹیم کو دو ہفتے قرنطینہ میں رہنا ہے۔
مثبت کیسز والے کھلاڑیوں میں سے 2 کے کیسز کو پرانا قرار دیا جا رہا ہے جبکہ 4 حال ہی میں وبا کی زد میں آئے ہیں۔
نیوزی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ان 6 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں قرنطینیہ میں بھیج دیا گیا ہے اور بقیہ اسکواڈ سے الگ کر دیا گیا ہے۔
ان کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اب آئسولیشن میں قومی ٹیم کو ٹریننگ کے لیے دیا گیا استثنیٰ واپس لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش تک پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت نہیں ہو گی۔
یاد رہے لاہور سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل پاکستانی ٹیم کے اسکواڈ اور مینجمنٹ کے چار مرتبہ کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے تھے اور چاروں مرتبہ یہ ٹیسٹ منفی آئے تھے جس کے بعد اسکواڈ کو کیویز کے دیس روانہ ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کی طبیعت ناساز اور ان میں علامات ظاہر ہونے کے بعد اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا اور وہ ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ نہیں ہوئے۔
اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ نیوزی لینڈ پہنچنے کے بعد آئسولیشن کے پہلے دن پاکستانی دستے کے کچھ اراکین نے قوانین اور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کی جس پر تاحال کسی بھی قسم کی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی لیکن نیوزی لینڈ کرکٹ حکام نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرکٹرز کے اس غیرسنجیدہ طرزعمل سے آگاہ کردیا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹی 20 اور دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے 23 نومبر کو نیوزی روانہ ہوئی تھی۔