معروف سماجی کارکن اور سیاست دان جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا۔
اپنے ٹویٹر پیغام میں جبران ناصر نے بتایا کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر لیا گیا ہے اور وہ اس تک رسائی حاصل نہیں کر پا رہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے چند اور دوستوں نے بھی اسی مسئلے کی نشاندہی کی ہے۔
معروف قانون دان کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ایسے کسی بھی پیغام سے بچیں جو کوئی کوڈ مانگے، چاہے وہ پیغام آپ کے کسی جاننے والے شخص نے ہی کیوں نہ بھیجا ہو۔
ایک دوسری ٹویٹ میں انہوں نے اکاؤنٹ ہیک ہونے کی وجہ بتائی۔
انہوں نے لکھا کہ مجھے اپنے کزن کے نمبر سے ایک واٹس ایپ میسج ملا کہ میں اسے ایک کوڈ بھیجوں کیونکہ انہوں نے غلطی سے میرا نمبر دے دیا تھا۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے ایس ایم ایس دیکھا کہ مجھے ایک ایسے نمبر سے کوڈ موصول ہوا ہے جس سے مجھے ماضی میں مختلف ایپس کے نوٹی فکیشن بھیجے جاچکے ہیں تو اسے درست سمجھتے ہوئے میں نے اپنے کزن کو کوڈ بھیجا اور میرا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا۔
اس سے پہلے اداکار نعمان اعجاز اور اداکارہ میرا نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک ہونے سے متعلق اطلاع دی تھیں۔
یاد رہے جبران ناصر گذشتہ کئی برسوں سے سماجی کارکن کے طور پر بہت متحرک رہے ہیں۔
انہوں نے لال مسجد کے انتہا پسندوں، لاپتہ افراد کی بازیابی اور مشال خان کو انصاف دلانے جیسی تحریکیں چلائیں جس پر انھیں قتل کی دھمکیاں بھی ملتی رہی ہیں۔
2013 اور پھر 2018 میں کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے 247 (سابقہ این اے 250) اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 (سابقہ پی ایس 113) سے انتخابات لڑنے کے بعد وہ پاکستان کا جانا پہچانا نام بن گئے ہیں۔
2019 میں اداکارہ منشا پاشا سے منگنی کرنے کے بعد بھی جبران ناصر خبروں میں موضوع بحث بنے رہے تھے۔