پاکستان کے مشہور مارشل آرٹس ایکسپرٹ راشد نسیم نے اس سے قبل عالمی ریکارڈ قائم کر کے ملک کا نام روشن کیا تھا، اب انہوں نے ایک اور عالمی ریکارڈ بنا کر اپنا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرا لیا ہے۔
تاہم وہ بے روزگاری کے باعث پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اب اتنے وسائل نہیں ہیں کہ وہ مزید ریکارڈ بنا سکیں۔۔
اس سے قبل راشد نسیم نے ایک منٹ میں سر سے 254 اخروٹ توڑ کر بھارت کے نوین کمار کو شکست دی تھی اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، بھارتی کھلاڑی 239 اخروٹ توڑ سکا تھا۔
اب انہوں نے ایک منٹ میں مکوں سے 62 کلے سپورٹنگ ٹارگٹ توڑ کر نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ نے ای میل کے ذریعے ماسٹر راشد نسیم کے ورلڈ ریکارڈ کی تصدیق بھی کر دی۔
راشد نسیم نے یہ ریکارد گنیز ورلڈ ریکارڈ کی سالگرہ کے موقع پر بنایا۔ اس سے قبل سابقہ ریکارڈ 40 مرتبہ کے ٹارگٹ کو توڑنے کا تھا۔
راشد کا کہنا ہے کہ یہ ریکارڈ انہوں نے گینز ورلڈ ریکارڈ کہنے پر بنایا ہے اور اس کے لیے گینز ورلڈ ریکارڈ کی سالگرہ کا دن مقرر کیا گیا تھا۔
انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ گزشتہ 7 ماہ سے بیروزگار ہیں، انہیں حال ہی میں بروس لی آف پاکستان کے لقب سے نوازا گیا ہے، حکومت اگر ان کی مالی معاونت کرے تو جلد ہی پاکستا ن کے لیے اپنا 100 واں ریکارڈ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔