صوابی میں ہونے والے ایک جرگے کے دوران دونوں فریقوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں فریقین کے 8 افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں یہ واقعہ پیش آیا جو 8 افراد کی جانیں نگل گیا
ڈ ی پی او عمران شاہد کے مطابق فریقین کے درمیان جائیداد کا تنازع تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نے معاملے کے تصفیے کے لیے جرگہ کا اہتمام کیا جس میں فریقین کو بلایا گیا تھا۔
جرگے کے دوران بحث میں بات بڑھ گئی اور فریقین سے تعلق رکھنے والے افراد نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے سات افراد ہلاک جب کہ آٹھ مزید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو صوابی کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں جرگے کی روایت صدیوں سے جاری ہے جس میں بڑے پیچیدہ مسائل حل کیے جاتے ہیں تاہم جدید اسلحے کی وجہ سے بعض اوقات ایسے افسوسناک واقعات جنم لے لیتے ہیں جن میں بہت زیادہ جانی نقصان ہوتا ہے اور کئی خاندان اجڑ جاتے ہیں۔
ایسے واقعات دشمنی میں مزید اضافہ کا باعث بنتے ہیں اور ایک طویل عرصے تک انسانی جانوں کا ضیاع ہوتا رہتا ہے۔