پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم اور عدالت دونوں چاہتے ہیں کہ ملتان میں جلسہ ہو۔
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ رکاوٹیں ہٹانے کا عدالتی فیصلہ قانون کے عین مطابق ہے، کوئی ہمیں مارے گا تو ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی ف کے رضا کار قوم کے خدمت گزار ہیں یہ اسکواڈ نہیں اور مجھے گرفتار کرنے سے پہلے گرفتار کرنے والوں کو گرفتار کرلیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ رکاوٹیں، موبائل فون سروس اور دیگر پابندیاں حکومت کے کچھ کام نہیں آئیں گی جبکہ جلسے کا تمام نظم و ضبط بہترین ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ ملتان جلسے کو روکنے کے لیے پی ڈی ایم کارکنان کو گرفتار کیا جا رہا ہے لیکن میں یہ بتانا چاہتی ہوں کہ گرفتاریوں سے تحریکیں ختم نہیں ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہانصارالاسلام کوئی اسکواڈ نہیں بلکہ رضا کار ہیں اور ان کے ہاتھ میں تنظیمی امور ہوتے ہیں اجتماع کو سنبھالنے کے لیے، وہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم ہر قیمت پر جلسہ کریں گے اور اس وقت تک ملتان سے نہیں نکلیں گے جب تک جلسہ کرکے نہیں دکھاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملتان میں مکمل طور پر ڈیرہ جمائیں گے اور یہاں بھی ہم ہوں گے اور پورے پاکستان میں بھی لوگ سڑکوں پر آجائیں گے۔
مولانا کا کہنا تھا کہ جو بھی حالات ہوں گے، ہم ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
جلسہ گاہ سے متعلق پوچھے گئے سوال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم صورتحال کو دیکھیں گے کہ جلسہ کہاں کرنا ہے لیکن جلسہ کریں گے اور کنٹینرز کی بھی ایسی کی تیسی ہوجائے گی۔