سری لنکا میں ہونے والی لنکا پریمئیر لیگ (ایل پی ایل) میں ہونے والے ایک میچ کے دوران پاکستانی بالر محمد عامر اور افغانستان کے فاسٹ بالر نوین الحق کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔
کینڈی ٹسکرز کے نوین الحق کی گیند پر محمد عامر نے چوکا لگایا تو انہیں غصہ آ گیا اور انہوں نے عامر کو برا بھلا کہنا شروع کر دیا۔ محمد عامر نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیا۔
نوین الحق کے اگلے اوور میں محمد عامر نے ان کی ایک اور گیند پر چھکا لگا دیا، میچ ختم ہونے کے بعد بھی دونوں کے درمیان تلخ کلامی جاری رہی۔
میچ ختم ہونے کے بعد شاہد آفریدی بھی اس معاملے میں شریک ہو گئے، انہوں نے افغان بولر نوین الحق پر اپنے غصے کا اظہار کیا اور انہیں آنکھیں دکھائیں۔
شاہد آفریدی نے افغان بالر پر غصہ کرتے ہوئے انہیں معاملہ حل کرنے کا کہا۔
واضح رہے کہ سری لنکا پریمیئر لیگ میں گال گلیڈی ایٹرز نے شاہد آفریدی کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا ہے جب کہ سری لنکا کے بھنوکا راجہ پاکسا نائب کپتان ہیں۔