سوشل میڈیا پر لوگ اپنی بیماریوں، مصروفیات، کھانوں اور دیگر معاملات کے متعلق تذکرہ کرتے رہتے ہیں، مہنگے برانڈز کی چیزیں خرید کرنے اور اشرافیہ کا لائف اسٹائل دکھانا بھی اس میں شامل ہے۔
اپنی امارت کا اظہار بسا اوقات مسائل کا باعث بن جاتا ہے، حال ہی میں سوشل میڈیا پر مہنگے برانڈز کی چیزیں شیئر کرنے والی ایک خاتون کو یہ کام مہنگا پڑ گیا اور ڈاکو ان کے گھر میں گھس کر کروڑوں کا قیمتی سامان لے گئے۔
یہ واقعہ ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ پیش آیا جو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مہنگی مہنگی برانڈز کی چیزیں مداحوں سے شیئر کرتی ہیں۔
ان کے گھر 3 ڈاکو گھس آئے اور انہوں نے 50 لاکھ ڈالرز کا قیمتی سامان چرا لیا، پاکستان روپوں میں یہ 75 کروڑ روپے بنتے ہیں۔
خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے 6 ماہ کے بیٹے کے ساتھ ایک لگژری اپارٹمنٹ میں رہائش پزیر ہیں، گزشتہ دنوں رات میں 3 ڈاکو ان کے اپارٹمنٹ میں گھس آئے اور تیز دھار آلے کے زور پر یرغمال بنا کر ان کے 6 ماہ کے بیٹے، کام والی اور انہیں رسی سے باندھ دیا تھا۔
خاتون نے بتایا کہ ایک ڈاکو نے ان پرتشدد بھی کیا اور پیسوں کے بارے میں پوچھا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ پیسے گھر میں نہیں رکھتی۔
بعدازاں ڈاکوؤں نے ایک سوٹ کیس میں تمام قیمتی سامان ڈالا جس کی مالیت تقریباً 50 لاکھ ڈالرز تھی اور لے کر فرار ہوگئے۔