اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) پیپلزپارٹی نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ہٹانے کے لیے ن لیگ سے تعاون کے لیے آمادگی ظاہر کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت پی پی پی کور کمیٹی کا اجلاس بلاول ہاؤس ہوا۔ جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پیپلزپارٹی کی حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی، جب کہ حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے اجلاسوں میں مشاورت کے بعد دی گئی تجاویز کو حتمی شکل دینے پر غور کیا گیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں ہونے والے پی پی پی کور کمیٹی کے اجلاس میں ملک گیر احتجاج کے حوالے سے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔پیپلزپارٹی اراکین پی پی اسپیکر اسمبلی اسد قیصر کے رویے سے نالاں ہیں، اور سپیکر قومی اسملبی اسد قیصر کو ہٹانے کے لیے (ن) لیگ سے تعاون کرنے کو بھی تیار ہیں، جب کہ ہم خیال جماعتوں سے بھی رابطے کیے جائیں گے۔