اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) حکومت نے 10 منی بجٹ منظور کروانے کے لیے 10جنوری کو قومی اسمبلی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے پارلیمانی امور بیرسٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 10 جنوری کی شام 4 بجے بلانے کی سمری بھجوا دی ہے، اجلاس میں فنانس ایکٹ ترمیمی بل پیش کیا جائے گا، جب کہ سینیٹ کی فنانس ایکٹ ترمیمی بل پر تجاویز کو زیرغور لایا جائے گا۔ حکومت قوم اور عام آدمی کی بہتری کے لئے قانون سازی کا عمل رکنے نہیں دے گی۔ اپوزیشن کو دعوت ہے کہ وہ قانون سازی میں عملی طور پر حصہ لے۔ ایوان میں نعرے بازی سے اپوزیشن قانون نہیں بنا سکتی۔ ہم قانون سازی اپوزیشن کے ہنگامہ آرائی سے نہیں رکنے دیں گے، قانون سازی پر مذاکرات کے لئے دروازے کھلے ہیں۔