لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) لاہور میں انصاف کی منتظر بزرگ خاتون عدالت میں انتقال کر گئی، 75 سالہ خاتون اپنے والد کی پنشن کیلئے 5 سالوں سے عدالتوں کے چکر لگا رہی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی سول کورٹس میں افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق 5 سال سے انصاف کے حصول کیلئے عدالتوں کے چکر لگانے والی خاتون عدالت میں ہی دل کا دورہ پڑنے کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئیں۔
خاتون زیب النساء گزشتہ 5 برسوں سے اپنے والد کی پنشن کے حصول کی منتظر تھیں لیکن بدھ کو سول کورٹ کی پانچویں منزل پر پہنچنے کی کوشش میں وہ سیڑھیوں پر ہی دل کا دورہ پڑجانے کے سبب دار فانی سے کوچ کرگئیں۔ عمر کے 75 برس عبور کرچکنے والی زیب النساء تيسری منزل پر پہنچيں تو ان کے دل کی دھڑکنیں کچھ ایسی بے ترتیب ہوگئیں کہ ان میں مزید دو منازل طے کرنے کی سکت نہ رہی۔
اس موقع پر زیب النساء نے سنبھلنے کی کوشش کی تاہم حرکت قلب بند ہوجانے کے سبب وہ عدالت کی دہلیز پر ہی دم توڑگئیں۔ زیب النساء کے مرحوم والد کے ایک دفتری ساتھی کے مطابق قانون کے تحت تو پنشن زيب النساء کو ملنی چاہيے تھی مگر متعلقہ حکام کی مبینہ ہٹ دھرمی نے انہیں ان کے حق سے اب تک محروم رکھا تھا، اور اب وہ اپنے حق کیلئے لڑتے لڑتے دنیا سے ہی رخصت ہو گئیں۔