لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) آئی جی موٹروے انعام غنی نے برف باری میں پھنسے شہریوں کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اگر گاڑی برف باری کے دوران پھنس جائے تو اس کے شیشے مکمل بند نہیں کرنے چاہیے،شیشے ہلکے ہلکے کھلے رکھیں اور گاڑی کے سائلنسر پر جمنے والی برف کو بھی ہٹاتے رہیں۔ واضح رہے کہ مری میں ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ان افراد کی موت کاربن مونو آکسائیڈ کی وجہ سے ہوئی ہے۔شیشے بند ہونے اور برف سے سائلنسر بند ہونے کے باعث گاڑی میں کاربن مونو آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے جس کی نہ تو کوئی رنگت اور نہ ہی کوئی خوشبو ہوتی ہے اور یہ سانس کے ساتھ انسانی جسم میں داخل ہوکر موت کا سبب بنتی ہے۔