مری (مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مری کے ہوٹلوں میں اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کمشنر راولپنڈی کو اوور چارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اوورچارجنگ کاروبار نہیں بلکہ لوٹ مار کے مترادف ہے جو قطعاً برداشت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ سیاحتی مقامات پر ریٹ لسٹ کے مطابق خرید و فروخت یقینی بنائے، سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو لوٹنے والوں کومعاف نہیں کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ مری میں شدید برفباری کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا تھا، ایسے میں مقامی ہوٹلز پر سیاحوں سے اضافی چارجز وصول کیے گئے جبکہ ایک کمرے کے کرائے میں ہزاروں روپوں کا ناجائز اضافہ بھی کیا گیا جس پر سیاحوں نے حکومت اور انتظامیہ سے نوٹس لینے اور کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے مری میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی میں توسیع کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق اسلام آباد سے مری جانے والے راستے 10 جنوری رات 9 بجے تک بند رہیں گے۔ شہری انتظامیہ کے حکم کی تکمیل کے لیے اسلام آباد پولیس نے سترہ میل اور سیرینا چوک پر تین چیک پوسٹیں بنا دیں، تینوں چیک پوسٹوں کے ذریعے گاڑیوں کے مری داخلے کو روکا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ایمبولینسز، سیکیورٹی اداروں اور فائربریگیڈ کی گاڑیاں پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ یاد رہے کہ مری میں شدید برفباری کے باعث درجنوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں، حکومت نے عوام کو مزید ہلاکتوں سے بچانے کےلیے مری میں گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔