بیوی سے جھوٹ بول کر گرل فرینڈ کے ساتھ اٹلی جانیوالے انگلینڈ کے شہری میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔
برطانوی اخبار ”دی سن“ میں شائع ہونیوالی خبر کے مطابق انگلینڈ کا شہری اپنی اہلیہ کو یہ بتا کر محبوبہ کے ساتھ سیر سپاٹوں پر اٹلی نکل گیا کہ وہ بزنس ٹرپ پر جا رہا ہے۔
کرونا وائرس کے شکار اس شخص کا کہنا ہے کہ اس کی بیوی کا خیال ہے کہ اسے کرونا وائرس بزنس ٹرپ کے دوران لگا ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
برطانوی اخبار دی سن نے اپنے ذرائع کے حوالہ سے انکشاف کیا ہے کہ بیوی کو دھوکہ دینے والا شخص جب اٹلی سے لوٹا تو اسے کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہوگئیں اور ٹیسٹوں سے پتہ چلا کہ وہ افئیر نبھاتے نبھاتے اس وبا کا شکار ہوگیا ہے۔
برطانوی اخبار دی سن نے اس صورتحال پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ بے وفا شوہر کرونا وائرس سے تو شاید بچ جائے مگر وہ اپنی محبوبہ سے تعلق نہیں بچا پائے گا۔
کرونا وائرس کا شکار ہونیوالے اس شخص کی بے خبر بیوی اب قرنطینہ میں ہے جبکہ بے وفا شوہر اپنی صحت سے زیادہ اس بارے فکر مند ہے کہ اس کا اپنی گرل فرینڈ سے تعلق بے نقاب نہ ہوجائے۔
یاد رہے کہ اٹلی یورپ میں کرونا وائرس سے سب سے پہلے متاثر ہونیوالے ممالک میں شامل ہے اور وہاں کرونا وائرس سے روزانہ سینکڑوں ہلاکتیں ہو رہی ہیں۔