اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات ہیں‘ عمران خان واقعی بہت زیادہ خطرناک ثابت ہوگا ، 3 فروری کو وزیراعظم عمران خان چین جا رہے ہیں ، وزیر اعظم کا دورہ چین کامیاب ثابت ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خوش قسمتی سے ایک نالائق اپوزیشن ملی ہے ، اسی لیے ساڑھے 3 سال میں ایک بھی بل پر اپوزیشن عمران خان کو شکست نہیں دے سکی ، اپوزیشن شور ڈالتی تھی کہ استعفیٰ دے دیں گے ، پھر یہ اپوزیشن عدم اعتماد سے بھی بھاگ گئی ، قوم اپوزیشن کی سوچوں سے واقف ہے ، آپ اسمبلیوں میں آکر اپنی طاقت کا اظہار کریں لیکن آپ نے سڑکوں کا انتخاب کیا ، 23 مارچ کو بھی آکر دیکھ لیں ، ڈیڑھ سال بھی خوار ہوں گے ۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان کو مکھی کی طرح نکال دیں گے ، مولانا فضل الرحمان نے کل غیر ذمہ دارانہ بات کی ، آپ اپنی طرف دیکھیں ہم عالم دین کا احترام کرتے ہیں ، میں عمران خان کو ایک ایماندار آدمی سمجھتا ہوں ، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل رپورٹ پر تفصیلی جواب دیا جائے گا ، صدارتی نظام اور ایمرجنسی اب تک کابینہ میں نہیں آیا ، اس لیے صدارتی نظام اور ایمرجنسی پر تبصرہ نہیں کروں گا ۔
سانحہ مری پر بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مری واقعے پر ہمیں افسوس ہے ، جو کچھ ہوا گاڑی میں گیس کی وجہ سے ہوا ، ہم اپنی غلطی مانتے ہیں کہ مشینیں وہاں کیوں کھڑی تھیں کام ہونا چاہیے تھا ، میں 2 راتیں وہاں رہا ، میں صبح 3 بجے تک کھڑا تھا اس دوران 700 گاڑیوں کو مری سے نکالا۔