اسلام آباد: سابق ٹیسٹ کرکٹر و راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہےکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے لوگ سنجیدہ نہیں ہیں لہذا ملک میں لاک ڈاؤن کیا جائے۔
یوٹیوب ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ اٹلی میں کورونا کی وبا کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا اور اب وہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا گھر مین روڈ کے ساتھ ہے ، چار چار لوگ ایک بائیک پر بیٹھ کر گھوم پھر رہے ہیں، راولپنڈی اور لاہور میں ہوٹلز کھلے ہوئے ہیں اور کھانے کھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دس بجے ہوٹلز بند کرنے کی کوئی تک نہیں انہیں پورے دن کے لیے بند کر دینا چاہیئے۔
شعیب اختر نے کہا کہ خالی بندوقوں سے نہیں لوگ مارے جاتے ، چھینکینے سے بھی اب لوگ مر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ایران کی سرحد بند کرے ہمارے ہاں یہ وائرس چین سے نہیں بلکہ ایران سے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو سے تین ہفتوں کے لیے تمام سرگرمیاں معطل کر دینی چاہیئے ، صفائی نصف ایمان تھا آج پورا کا پورا ایمان بن گیا ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ گھروں میں بیٹھ کر نیٹ فلیکس دیکھ لیں یا کوئی اور ڈرامہ، فلم دیکھ لیں مگر گھروں میں رہیں۔
اس سے قبل انہوں نے ذخیر اندوزوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لوگ تین ماہ کا سامان گھروں میں محفوظ کر رہے ہیں اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ تین ماہ تک بندہ زندہ رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ذخیرہ اندوزی سے اجتناب کیا جائے اور ایک دوسرے کی مدد کی جائے۔