اسلام آباد (نیوز ڈیسک ) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر پاکستان سے تعزیت کی ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا۔
روسی صدر کا تعزیتی پیغام کریملن کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر دہشت گردی کے افسوسناک واقعے اور سانحے پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
ولادی میر پیوٹن نے کہا کہ واقعے کے نتیجے میں ہونے والے سانحے پر تعزیت کرتا ہوں، روس پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کے خلاف تعاون کرے گا۔
دوسری جانب کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکےکامقدمہ نامعلوم افراد کےخلاف سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔
سی سی ڈی حکام کے مطابق ریلوے اسٹیشن بم دھماکےکا مقدمہ نامعلوم افراد کےخلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ ایس ایچ او ریلوے کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں قتل، اقدام قتل، انسداد دہشت گردی اور ایکسپلوزو ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خودکش حملے میں27 افراد جاں بحق اور 62 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ خودکش حملہ آور نے مسافروں کے درمیان پہنچ کر خودکو دھماکے سے اڑایا۔ خودکش حملہ آور نے 8 سے 10کلو دھماکا خیز موادکابیگ باندھا ہوا تھا۔خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضا ٹیسٹ کے لیے فارنزک لیب بھجوائے جائیں گے۔ خوکش حملہ آورکی شناخت کے لیے نادرا سےمدد لی جائےگی۔
ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس نے 9 بجے پشاور کے لیے روانہ ہونا تھا، ٹرین ابھی تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی کہ دھماکا ہو گیا، دھماکا ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا۔