پنجاب کے شہر جھنگ کے ایک علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں کرغزستان سے ڈاکٹر بن کر آنے والی بہن کو اس کے بھائی نے گولی مار دی۔
تفصیلات کے مطابق جھنگ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کی پولیس نے بتایا ہے کہ پسند کی شادی پر بھائی نے اپنی ڈاکٹر بہن کو قتل کر دیا، مقتولہ کچھ روز قبل کرغزستان سے ایم بی بی ایس مکمل کر کے واپس آئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موضع گگڑانہ حولی لعل میں ملزم عمیر مشتاق نے رات کو بہن کو گولی مار کر قتل کیا، معلوم ہوا کہ لیڈی ڈاکٹر نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر حسنین سے نکاح کیا تھا، اس کے نکاح پر اہل خانہ کو رنج تھا اس لیے بھائی قتل کر کے فرار ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دی گئی ہے، جب کہ مفرور ملزم عمیر کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔





