جولی ایل ایل بی سیریز کی تیسری فلم میں "جولی بمقابلہ جولی” کا دلچسپ مقابلہ ہوگا، جہاں ارشد وارثی، اکشے کمار کے خلاف عدالت میں آمنے سامنے آئیں گے۔ نئے ریلیز ہونے والے ٹیزر میں دونوں وکلاء کے درمیان تیز و تند مکالمے اور بعض اوقات جسمانی جھڑپیں بھی دکھائی گئی ہیں، جو بھرپور ڈرامہ اور مزاح کی جانب سے اشارہ کر رہی ہیں۔
سکرین پر اپنی اداکاری سے چھا جانے والے سوربھ شکلا ہی اس بار بھی جج ٹرپاٹھی کے کردار میں نظر آئیں گے، جو ہمیشہ کی طرح پریشان مگر مزیدار جج ہیں۔ ٹیسر کا سب سے یادگار لمحہ وہ ہے جب وہ کہتے ہیں:ایک جولی تو سنبھلتا نہیں تھا… اب یہ دو جولی آ گئے ہیں، میں کیا کروں بھائی؟
اس فلم کی ہدایتکاری اور کہانی سبھاش کپور نے دی ہے، جو سیریز کی پہلی دو فلمیں بھی بنا چکے ہیں۔ فلم میں ہما قریشی، گجراج راؤ بھی شامل ہیں جبکہ امریتا راؤ چھ سال بعد اس فلم سے واپسی کر رہی ہیں۔ مضبوط کاسٹ اور پرانے پسندیدہ کرداروں کی واپسی کے باعث یہ فلم 2025 کی سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی فلموں میں شمار ہو رہی ہے۔
پہلی جولی ایل ایل بی (2013) میں ارشد وارثی ایک جدوجہد کرتے وکیل کے کردار میں تھے جو بومن ایرانی کے اثرورسوخ والے وکیل کے خلاف BMW ہٹ اینڈ رن کیس سے متاثر ایک مقدمے میں عدالت میں ٹکراتے ہیں۔ 2017 کی سیکوئل میں اکشے کمار ایک نئے "جولی” کے روپ میں نظر آئےجس میں لکھنؤ میں فرضی پولیس مقابلوں کا کیس سامنے آیا ۔
اگرچہ اس سیریز کے گزشتہ پارٹس میں ہیرو بدلے مگر سوربھ شکلا کا کردار جج تریپاتھی ہمیشہ سے سیریز کا مزاحیہ اور اخلاقی مرکز رہا ہے۔ تیسری فلم کی زیادہ تر شوٹنگ راجستھان، خاص طور پر اجمیر میں ہوئی ہے اور یہ 19 ستمبر 2025 کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔