دبئی: یمن کے شہر ذمار کی گلیوں میں ایک بہادر لڑکے نے اپنی کم سن بہن کو اغوا کی کوشش سے بچا کر سب کو حیران کر دیا۔
یہ واقعہ دن کے اجالے میں پیش آیا اور اس لمحے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس نے عوامی غم و غصے اور فوری کارروائی کے مطالبات کو جنم دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق، ایک خاتون نے لڑکے کو ایک چیز تھمائی اور کہا کہ یہ اپنی ماں کو دے دو، تاکہ لڑکے کی توجہ ہٹائی جا سکے۔ اسی دوران اس نے لڑکی کو پکڑا اور تیزی سے ایک نامعلوم سمت کی طرف لے جانے لگی، گویا اسے اغوا کرنے کی کوشش کر رہی ہو۔
خطرہ بھانپتے ہی لڑکا فوراً واپس مڑا، دوڑ کر اپنی بہن کے پاس پہنچا اور اسے خاتون کے چنگل سے چھڑا لیا۔ خاتون نے بغیر کسی مزاحمت کے بچی کو چھوڑ دیا، جس پر مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات میں ماہر ہو سکتی ہے۔
یہ ویڈیو بڑے پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہے اور لڑکے کی بہادری کو سراہا جا رہا ہے، جبکہ کئی سماجی کارکنوں نے خاتون کی فوری گرفتاری اور خطے میں بچوں کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ واقعہ کمزور اور ناتواں بچوں کو درپیش خطرات اور ان کی حفاظت کے لیے ضروری چوکسی کو واضح کرتا ہے ۔