ایریزونا کی انفلوئنسر یاریلی ایشلے ہرموسیلو سڑک پر اندھی گولی کا نشانہ بن کر ہلاک ۔
ایریزونا پولیس کے مطابق 27 سالہ لائف اسٹائل انفلوئنسر یاریلی ایشلے ہرموسیلو ایک روڈ ریج کے دوران اندھی گولی کا نشانہ بنیں ۔
جمعہ کی رات گلیندیل، ایریزونا میں دو ڈرائیوروں کے درمیان زبانی جھگڑا اس وقت سنگین سطح پر پہنچ گیا جب وہ کمرشل علاقے کے ایک چوراہے پر لال بتی پر رک گئے اور جھگڑا جاری رکھا۔
اسی دوران حملہ آور نے بندوق نکالی اور اندھا دھند فائرنگ کی۔ ایک گولی یاریلی کے بوائے فرینڈ کی گاڑی کی کھڑکی سے اندر آئی اور یاریلی کے سر میں لگی ، انہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم ہفتے کی شب انہیں مردہ قرار دیدیا گیا ۔حادثے کے وقت گاڑی میں یاریلی کا 3 سالہ بیٹا اور والدہ بھی موجود تھے۔
اسی رات مشتبہ شخص جیسس پریسیادو ڈوسٹن کو گرفتار کر لیا گیا اور ان پر سیکنڈ ڈگری مرڈر، پرتشدد حملے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور خطرہ پیدا کرنے کے الزامات لگائے گئے۔ عدالت کے دستاویزات کے مطابق وہ اس وقت ایک ملین ڈالر کے ضمانتی بانڈ پر حراست میں ہیں۔
یاریلی کے اہل خانہ نے مرحومہ کو محبت کرنے والی بیوی، ایک بہترین ماں اور ایک خوبصورت روح قرار دیا۔
یہ کانٹینٹ کری ایٹر باقاعدگی سے کھانے پکانے، مقامی ریسٹورنٹس اور دیگر لائف اسٹائل موضوعات پر پوسٹس شیئر کرتی تھیں اور پیپل میگزین کے مطابق فیس بک، انسٹاگرام اور ٹک ٹاک پر ان کے 300,000سے زائد فالوورز تھے۔