پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ میں ہونے والے رویے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ریفری تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ کے مزید میچز نہ کھیلنے کی دھمکی دیدی۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا ہے کہ میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی اور این سی سی کو لکھے گئے خط میں مکمل واقعہ کا ذکر کیا گیا کہ ٹاس سے پہلے اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستانی کرکٹ میڈیا منیجر سے کہا کہ جو کچھ میں کہہ رہا ہوں وہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہئے ، مائیک دوسری طرف کر دیا، اس کے بعد اینڈی نے پاکستانی کپتان کوسلمان علی آغا سے کہا کہ آج ٹاس کے وقت ہینڈ شیک نہیں ہوگا ۔
سلمان کو پیغام دینے کے بعد وہ بھارتی کرکٹ کپتان کو سائیڈ پر لے گئے اور انہیں بھی یہ پیغام دیا ۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے پاس گئے اور ساری صورتحال سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے بتایا کہ انہیں اس حوالے سے بھارتی حکومت کی جانب سے ہدایات ملی ہیںکہ ہینڈ شیک نہیں ہونا چاہئے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر ایم سی سی اور آئی سی سی کو تفصیلی خط لکھ کر میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ذمہ داری سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے گئے ایشیا کپ کے میچ میں ٹاس سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے دونوں کپتانوں کو ٹاس کے بعد مصافحہ کرنے سے منع کیا تھا جس پر پاکستان کے ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے شدید تنقید کی تھی۔