گواہٹی:آسام پولیس نے پیر کے روز آسام سول سروس (ACS) کی ایک افسر کو آمدن سے کہیں زیادہ اثاثوں کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
وزیراعلیٰ کے خصوصی احتساب سیل کی ایک ٹیم نے افسر نپور بورا کے گواہٹی میں واقع گھر پر چھاپہ مارا اور 92 لاکھ روپے نقدی اور تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے زیورات برآمد کیے۔ اس کے علاوہ برپیٹا میں ان کے کرائے کے مکان سے 10 لاکھ روپے نقدی بھی ملی۔
نپور بورا، جو ضلع گولاگھاٹ کی رہائشی ہیں اور 2019 میں آسام سول سروس میں شامل ہوئی تھیں، فی الحال ضلع کامروپ کے گوروی ماری میں بطور سرکل افسر تعینات تھیں۔
وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا سرما نے کہا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے نگرانی میں تھیں کیونکہ ان پر زمین سے متعلق تنازعات میں ملوث ہونے کی شکایات ملی تھیں۔
انہوں نے کہا: "اس افسر نے برپیٹا ریونیو سرکل میں تعیناتی کے دوران ہندوؤں کی زمین مشکوک افراد کو پیسوں کے عوض منتقل کی۔ ہم نے ان کے خلاف سخت کارروائی کی ہے۔
سرما کا کہنا تھا کہ اقلیتی اکثریتی علاقوں میں ریونیو سرکلز میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی عا م ہے۔
خصوصی احتسابی سیل نے ان کے مبینہ ساتھی، لت منڈل سورجیت ڈیکا، کے گھر پر بھی چھاپہ مارا جو برپیٹا ریونیو سرکل دفتر میں کام کرتا ہے۔
ان پر الزام ہے کہ نپور بورا کے ساتھ ملی بھگت سے انہوں نے برپیٹا میں کئی زمینوں کی جائیدادیں حاصل کیں جب وہ وہاں سرکل افسر کے طور پر تعینات تھیں۔