نئی دہلی: کرناٹک کے وجیہاپورہ ضلع میں تین نقاب پوش افراد نے مبینہ طور پر ایک بینک لوٹ لیا اور 20 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی نقدی اور سونا لے کر فرار ہوگئے ۔
حکام کے مطابق ملزمان دیسی پستول اور چھریوں سے مسلح تھے۔ انہوں نے چڈچن قصبے میں اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی برانچ میں گھس کر عملے کو باندھ دیا اور فرار ہوگئے۔ یہ واقعہ منگل کی شام تقریباً ساڑھے چھ بجے پیش آیا۔
وجیہاپورہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس لکشمن نمبارگی کے مطابق واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو پکڑنے کی پوری کوششیں کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق، یہ افراد موجودہ اکاؤنٹ کھلوانے کے بہانے بینک میں داخل ہوئے اور منیجر، کیشیئر اور دیگر ملازمین کو پستول اور چھریوں کے زور پر ڈرایا۔گینگ نے عملے کے ہاتھ پاؤں باندھ کر اور پھر نقدی اور زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے ۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ڈاکو ایک کروڑ روپے سے زائد کی نقدی اور تقریباً 20 کلو وزنی سونے کے زیورات چرا کر لے گئے، جن کی مالیت تقریباً 20 کروڑ روپے بنتی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بینک منیجر کی شکایت پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کو تلاش کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے، نمبارگی نے بتایا کہ ملزمان نے جعلی نمبر پلیٹ والی ایک سوزوکی ایوا گاڑی استعمال کی۔ واردات کے بعد وہ مبینہ طور پر مہاراشٹر کے پنڈھرپور کی جانب فرار ہوگئے۔