اسلام آباد (رافعہ زاہد ) ریاض فتیانہ نے سیلاب متاثرین اور کسانوں کے مسائل اجاگر کرتے ہوئے حکومت کو فوری اور مستقل اقدامات کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے یہ مؤقف آج حامد میر کے شو کیپیٹل ٹاک میں پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ بے گھر عوام کو دوبارہ سیلابی علاقوں میں آباد کرنے کے بجائے بند کے اندر موجود سرکاری زمینوں پر منتقل کیا جائے تاکہ ان کی مستقل آباد کاری ممکن ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین نے بھی اس تجویز پر رضامندی ظاہر کی ہے اور وہ سرکاری اراضی میں منتقل ہونے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا اگرچہ دس لاکھ روپے سے مکمل مکان تعمیر ممکن نہیں لیکن کم از کم ایک چار دیواری ضرور بن سکتی ہے۔
ریاض فتیانہ نے مزید کہا کہ سیلاب میں چار فصلیں تباہ ہوئیں جن کا معاوضہ کسانوں کو فوری طور پر دیا جانا چاہیے۔ اس حوالے سے صرف پٹواری کے ریکارڈ پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ براہِ راست متاثرہ کسانوں سے بھی ڈیٹا حاصل کیا جائے تاکہ شفافیت یقینی ہو۔
انہوں نے زور دیا کہ مستقل منصوبہ بندی اور وفاق، صوبوں، این جی اوز اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ اگر تمام ادارے ایک چھتری کے نیچے مل کر کام کریں تو بہتر نتائج حاصل ہوں گے۔