بنگلورو پولیس کے مطابق ایک 41 سالہ شخص کو ہفتے کی صبح سویرے دفتر میں لائٹس بند کرنے کے تنازعے پر اُس کے ساتھی ملازم نے قتل کر دیا۔ یہ واقعہ تقریباً رات ڈیڑھ بجے سرسوتی نگر کے علاقے میں پیش آیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت بھیمیش بابو کے نام سے ہوئی ہے جو چتر درگا کا رہنے والا تھا اور ایم سی لے آؤٹ کے قریب واقع ایک ڈیجیٹل والٹ اور فوٹو ایڈیٹنگ کمپنی میں مینیجر تھا۔
ملزم کی شناخت سومالا وامشی (عمر 24 سال) سے ہوئی ہے جو آندھرا پردیش کا رہائشی اور نایاندہلی میں مقیم ایک ٹیکنیکل ایگزیکٹو ہے۔ قتل کے بعد وامشی خود ہی گووندراج نگر تھانے پہنچا اور پولیس کے سامنے سرنڈر کر دیا۔
پولیس کے مطابق بھیمیش بابو کو تیز روشنی سے حساسیت تھی، اسی وجہ سے وہ اکثر ساتھی ملازمین سے غیر ضروری لائٹس بند کرنے کو کہتے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تقریباً رات ایک بجے جب وامشی ویڈیوز ایڈٹ کر رہا تھا، بابو نے اسے پھر لائٹس بند کرنے کو کہا، جس پر دونوں کے درمیان تکرار شروع ہو گئی۔
بحث شدت اختیار کر گئی تو وامشی نے مبینہ طور پر پہلے بابو کی آنکھوں میں سرخ مرچ پاؤڈر ڈالا، پھر کمرے میں رکھا آہنی ڈمبل اٹھا کر اس کے سر پر زور دار وار کیا۔ پولیس افسر نے بتایا کہ وامشی نے غصّے میں بابو کے سر، چہرے اور سینے پر کئی بار ڈمبل مارا۔
بابو کے گرنے کے بعد وامشی گھبرا گیا، اس نے ایک اور ساتھی کو اطلاع دی۔ بابو کو ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس ایس گیریش نے بتایا کہ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔





