اس نومبر میں، جب کہ ہم متحدہ عرب امارات میں ذیابیطس آگاہی کا مہینہ منا رہے ہیں، دبئی ہیلتھ اتھارٹی (DHA) معلومات کی فراہمی پر زور دے رہی ہے۔
انٹرنیشنل ڈایبیٹس فیڈریشن کے مطابق، یو اے ای میں بالغوں میں ذیابیطس کی شرح 20.7 فیصد ہے۔
DHA نے ایک ٹوئٹ میں بتایا ہے کہ ذیابیطس کیا ہے اور اس بیماری میں مبتلا افراد کس طرح اس کے اثرات کو کم کر سکتے ہیں۔
تو ذیابیطس کیا ہے؟
ذیابیطس ایک دائمی بیماری ہے، جو اس وقت ہوتی ہے جب لبلبہ (Pancreas) اتنی انسولین پیدا نہیں کرتا، یا جسم موجود انسولین کو مؤثر طریقے سے استعمال نہیں کر پاتا۔(انسولین وہ ہارمون ہے جو خون میں گلوکوز یا شکر کی سطح کو برقرار رکھتا ہے۔)
ذیابیطس کی مختلف اقسام کون سی ہیں؟
ٹائپ 1 ذیابیطس:
اس میں جسم بہت کم انسولین بناتا ہے، اس لیے خون میں شکر کی سطح کو معمول پر رکھنے کے لیے انسولین کے انجیکشن ضروری ہوتے ہیں۔
ٹائپ 2 ذیابیطس:
یہ جسم کی اس صلاحیت کو متاثر کرتی ہے جس سے وہ گلوکوز کو توانائی کے طور پر استعمال کرتا ہے۔ یہ عام طور پر زیادہ وزن یا جسمانی سرگرمی کی کمی سے منسلک ہوتی ہے۔
حمل کی ذیابیطس (Gestational Diabetes):
یہ حمل کے دوران خون میں شکر کی عارضی زیادتی ہوتی ہے، جس میں گلوکوز کی سطح معمول سے زیادہ لیکن ذیابیطس جتنی زیادہ نہیں ہوتی۔
اپنے پاؤں کا خیال رکھیں
ذیابیطس کے مریضوں کو ایک بڑی مشکل پاؤں سے متعلق پیش آتی ہے۔ اعصابی نقصان (Nerve Damage) اور خراب خون کی گردش کے باعث درد یا چوٹ کا احساس کم ہو جاتا ہے، اور چھوٹے زخم بھی ٹھیک ہونے میں مشکل پیدا کرتے ہیں۔
DHA پاؤں کی حفاظت کے لیے درج ذیل ہدایات بتائی ہیں :
روزانہ اپنے پاؤں چیک کریں (زخم، خراش، سوجن یا رنگت میں تبدیلی کے لیے)
پاؤں کو ہلکے گرم پانی سے دھوئیں اور اچھی طرح خشک کریں، خاص طور پر اُنگلیوں کے درمیان۔
ننگے پاؤں چلنے سے پرہیز کریں۔
ایسے جوتے پہنیں جو آرام دہ ہوں اور صحیح فٹ آئیں۔
ناخنوں کو سیدھا کاٹیں تاکہ چوٹ سے بچا جا سکے۔
گٹے یا سخت جلد (Corns & Calluses) خود سے نہ اتاریں۔
ہر طبی معائنے میں اپنے پاؤں کی باقاعدہ جانچ کروائیں۔
ہلکی جسمانی سرگرمی کے ذریعے پاؤں تک خون کی روانی بہتر کریں۔
ایسے ایکسرسائز منتخب کریں جو پاؤں پر کم دباؤ ڈالیں۔
دبئی ہیلتھ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صحت کی حفاظت کے بارے میں سیکھنے کے لیے تھوڑا وقت نکالیں ،علم آپ کو ایسے چھوٹے قدم اٹھانے کی طاقت دیتا ہے جو آپ کی زندگی اور آپ کے آس پاس کے لوگوں کی زندگیوں میں بڑا فرق لاتے ہیں۔





