اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے اسلام آباد زون میں تعینات افسران اور اہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر تعریفی سرٹیفیکیٹس سے نوازا گیا۔

تقریب ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی، جس میں ڈی جی ایف آئی اے نے افسران کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ادارے کی نیک نامی اور عوامی اعتماد میں اضافہ کرتا ہے۔

تقریب میں تعریفی سرٹیفیکیٹس حاصل کرنے والوں میں اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سدرہ فاطمہ ہاشمی، سید ارسلان علی رضا، نعمان خلیل، عمر ارسلان اور میر فیضان الحق شامل تھے۔

اسی طرح انسپیکٹرز فہیم رضا اور عبداللہ کیانی کے ساتھ سب انسپیکٹرز تابش جاوید اور راشد علی کو بھی ان کی بہترین کارکردگی پر سرٹیفیکیٹس دیے گئے۔

ڈی جی ایف آئی اے نے مزید کہا کہ محنت، دیانتداری اور لگن سے کام کرنے والے افسران ہی ادارے کا اصل سرمایہ ہیں، اور ان کی حوصلہ افزائی ادارے کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ اقدام افسران و اہلکاروں میں حوصلہ بڑھانے اور انہیں معیارِ کار میں مزید بہتری کے لیے متحرک کرنے کے مقصد سے کیا گیا۔





