رپورٹ : دانیال ہاشمی
راولپنڈی: راولپنڈی پولیس نے سوشل میڈیا پرسنیلٹی شمسو بی بی عرف عائشہ گلامنہ کے قتل کیس کو ٹریس کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں مقتولہ کا والد فضل، حقیقی بھائی بشیر، چچا زاد بھائی احسان، والد کا چچا روزی خان اور چچا زاد بھائی کا بیٹا یاسین شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں مقتولہ کے والد اور بھائی کی جانب سے ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کروانے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ ملزمان نے قانون کو گمراہ کرنے کے لیے مبینہ طور پر ڈھونگ رچانے کی کوشش بھی کی۔

سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایات پر کیس کی تفتیش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔ پولیس ٹیموں نے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز کا جائزہ لینے کے ساتھ ہیومن انٹیلیجنس سمیت دیگر ذرائع سے بھی مدد حاصل کی۔

پولیس کے مطابق تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مقتولہ کے والد اور بھائی کو شاملِ تفتیش کیا گیا، جس کے بعد اہم انکشافات سامنے آئے اور پانچوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ غیرت کے نام پر قتل بتائی گئی ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات سامنے آسکتے ہیں۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرکے چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کتنے ہی شاطر کیوں نہ ہوں، قانون کو گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔
