امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی کے بعد زمبابوے میں موجود ایرانی سفارتخانے نے روایتی سفارتی بیان کے بجائے ایک فلمی انداز اختیار کرلیا۔ سفارتخانے نے تیلگو فلم ’بھگونت کیسری‘ کا ایکشن سے بھرپور 58 سیکنڈ کا منظر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے امریکی صدر کو طنزیہ جواب دیا۔ ویڈیو دیکھیں
ویڈیو میں تیلگو سپر اسٹار نندا موری بالا کرشنا کو دکھایا گیا ہے، جبکہ منظر میں دو مسلح گروہوں کے درمیان شدید جھڑپ جاری ہے۔ دونوں اطراف موجود افراد رائفلوں، حفاظتی ڈھالوں اور دیگر ہتھیاروں سے لیس نظر آتے ہیں، جس سے ویڈیو کا پیغام واضح طور پر ایک جارحانہ اور دفاعی ماحول کی عکاسی کرتا ہے۔
ایرانی سفارتخانے نے ویڈیو کے ساتھ اپنے پیغام میں ٹرمپ کے اس بیان پر طنز کیا کہ امریکا ایران کو تباہ کرنے کی بات کررہا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی اشارہ دیا کہ ایران اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سفارتخانے نے مزید لکھا کہ شاید یہی وجہ ہے کہ ٹرمپ ان دنوں ہالی ووڈ کے بجائے بالی ووڈ فلمیں دیکھ رہے ہیں۔
یہ طنزیہ ویڈیو ایسے وقت سامنے آئی جب ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران ایران کے ساتھ جاری جنگ کے تناظر میں اپنے سامنے موجود دو راستوں کا ذکر کیا تھا۔
امریکی صدر نے کہا تھا کہ ان کے سامنے ایک بڑا فیصلہ ہے۔ ان کے بقول ایک راستہ ایسا معاہدہ ہے جس کے ذریعے ایران کو دوبارہ تعمیر ہونے اور پہلے سے زیادہ مضبوط ملک بننے کا موقع دیا جاسکتا ہے، جبکہ دوسرا راستہ اسلامی جمہوریہ ایران کو تیزی سے تباہ کرنا ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا تھا کہ وہ اس بات کا فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں ہیں کہ ایران کو معاہدے کے ذریعے دوبارہ تعمیر کا موقع دیا جائے یا اسے فوری طور پر تباہ کردیا جائے تاکہ وہ دوبارہ دوسرے لوگوں اور ممالک کو نقصان نہ پہنچا سکے۔
ایرانی سفارتخانے کی جانب سے فلمی منظر کا انتخاب اسی بیان کے جواب کے طور پر سامنے آیا، جس نے سوشل میڈیا پر سفارتی ردعمل کو ایک غیر معمولی اور طنزیہ رنگ دے دیا۔

