کورونا کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں نے حفاظتی کٹس نہ ملنے کے باوجود علاج کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے مگر کئی روز بعد بھی ملک بھر کے کئی اسپتالوں میں یہ سامان فراہم نہیں کیا گیا، بلوچستان میں یہ صورتحال سب سے ابتر ہے۔
حفاظتی کٹس فراہم نہ کرنے پر کوئٹہ کے ڈاکٹرز نے، جو کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑ رہے ہیں، کٹس کی عدم دستیابی پر احتجاج کیا، مذاکرات کامیاب نہ ہونے پر ریڈ زون کوئٹہ کے قریب پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
ینگ ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ وزراء اور ان کے ساتھی این 95 ماسک استعمال کر رہے ہیں اور جو فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں ان کے پاس مکمل کٹس نہیں ہیں جس سے ان کی زندگیوں کو شدید خطرہ ہے۔
بلوچستان حکومت کی طرف سے کٹس تو فراہم نہ کی گئیں البتہ ینگ ڈاکٹرز پر لاٹھی چارج کرکے انہیں گرفتار ضرور کر لیاگیا۔
ملک بھر سے ڈاکٹروں کی طرف سے حفاظتی کٹس کے عطیہ کی بھی اپیل کی جا رہی ہے۔
دنیا ڈاکٹرز کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے جبکہ پاکستان میں ڈاکٹرز کو کورونا کے سپرد کر دیا گیا ہے اور حفاظتی کٹس مانگنے پر لاٹھی چارج کر کے گرفتار کرنےکا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے