امریکہ میں کورونا کی تباہ کاری جاری ہے اور اس سے ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار پانچ سو سے بڑھ گئی ہے، نیویارک میں اب تک 4 ہزار 7 سو 58 افراد اس وبا کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
کورونا وبا نے سب سے زیادہ نیویارک میں تباہی پھیلائی ہے جہاں گزشتہ روز 599 افراد ہلاک ہوئے، گورنر اینڈریو ایم کومو کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان ہے کہ نیویارک کی ریاست میں مریضوں اور اموات میں کمی ہونا شروع ہو جائے۔
نیویارک شہر کی کونسل کے ایک رکن کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اجتماعی قبریں کھودنے کا سوچ رہی ہے تاہم گورنر نے اس امکان کو رد کر دیا۔
گورنر اینڈریو کا کہنا تھا کہ اسپتال اپنی صلاحیت کی آخری حد تک پہنچ چکے ہیں، انہوں نے سماجی فاصلے کے قانون کو توڑنے پر جرمانے کی سزا 500 ڈالر سے بڑھا کر 1000 کر دی ہے۔
امریکہ میں کورونا کیوں پھیلا؟ نئے حقائق سامنے آ گئے
امریکہ وینٹی لیٹرز کی شدید کمی کا شکار، میڈیا حکومت پر برس پڑا
انہوں نے استعارے کے طور پر کہا کہ اسپتال کے نظام میں ہمارا ایک پاؤں فرش پر ہے جبکہ انجن سرخ لکیر دکھا رہا ہے، ہم اس سے تیز تر نہیں جا سکتے اور نہ ہی سرخ لکیر پر زیادہ دیر ٹھہر سکتے ہیں کیونکہ اس کے نتیجے میں نظام پھٹ پڑے گا۔
اس وقت تک امریکہ میں ساڑھے تین لاکھ کورونا کے مصدقہ مریض سامنے آ چکے ہیں اور ان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
پوری دنیا میں اب تک 13 لاکھ 25 ہزار افراد اس وبا کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 73 ہزار سات سو سے بڑھ چکی ہے۔