کورونا وبا کے باعث امریکی خام تیل کی قیمت تاریخ کی کمترین سطح پر پہنچ گئی، جون کے لیے ویسٹ ٹیکساس خام تیل کی قیمت 98 فیصد سے زائد کمی کے بعد ایک سینٹ فی بیرل ہو گئی۔
این بی سی نیوز کے مطابق مئی کے لیے کیے گئے سودے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جنہیں لاک ڈاؤن کی وجہ سے ابھی بھیجنا باقی ہے۔
رواں ماہ کے آغاز میں گولڈمین ساش کے تجزیہ کاروں نے خبردار کیا تھا کہ کورونا وائرس کا جھٹکا تیل کی قیمتوں کے لیے انتہائی منفی ہو سکتا ہے اور خام تیل کی قیمتیں منفی زون میں جا سکتی ہیں۔
اس وقت تیل کی طلب بہت کم ہو چکی ہے اور اسے سٹور کرنے کے لیے جگہ موجود نہیں ہے جس کا مطلب ہے کہ تیل پیدا کرنے والے بہت جلد خریداروں کو الٹا رقم دے رہے ہوں گے تاکہ وہ ان سے تیل لے سکیں۔
اگلے چند ہفتوں میں کشنگ، اوکلاہوما کی آئل ریفائنریز کی مزید تیل سٹور کرنے کی صلاحیت ختم ہو جائے گی۔