ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔
ان کے بیٹے سعد ایدھی نے ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل ایدھی کو گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد کورونا کی علامات ظاہر ہوئی تھیں مگر وہ چار روز بعد ختم ہو گئی تھیں۔
وزیر اعظم عمران خان عبدالستار ایدھی کے بیٹے کو نہ پہچان سکے
انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کی طبیعت ٹھیک ہے اور وہ کسی اسپتال نہیں گئے بلکہ گھر پر ہی الگ تھلگ ہو گئے ہیں، ان کے ساتھ جو لوگ بھی رابطے میں آئے تھے ان سب کا ٹیسٹ ہو گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں کورونا ریلیف فنڈ میں ایک کروڑ کا چیک دیا تھا۔
ایدھی فاؤنڈیشن
ایدھی فاؤنڈیشن دنیا کے چند بڑے اور قابل احترام فلاحی اداروں میں سے ایک ہے، اس کی بنیاد عبدالستار ایدھی مرحوم نے رکھی تھی۔
8 جولائی 2016 میں ان کی وفات کے بعد ان کے بیٹے فیصل ایدھی اس ادارے کے سربراہ بنے۔
ایدھی فاؤنڈیشن پورے ملک میں کام کر رہی ہے، یہ ادارہ شیلٹر ہاؤسز، اولڈ ہومز، ایمبولینس نیٹ ورک، یتیم خانے، تدفین سمیت بے شمار فلاحی کام کر رہا ہے۔