پاکستان میں اندرون ملک پروازوں کا فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے تحت آج ایک بجے سے مسافر سفر کر سکیں گے۔
ہوابازی کے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا ہے کہ این سی او سی، جس میں نیشنل کمانڈ اتھارٹی اور این ڈی ایم اے، آرمی اور شعبہ صحت کے افسران بھی موجود ہوتے ہیں اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کی مشاورت سے ڈومیسٹک فلائٹس شروع کر نے کا متقفہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں ڈومیسٹک پروازوں کو 21 مارچ کو معطل کیا گیا تھا۔ پاکستان میں محدود ڈومیسٹک پروازوں کا آغاز آج سے شروع کر دیا جائے گا۔ پی آئی اے اور سیرین ایئر لائن کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاوراور کوئٹہ کے لیے اپنی پروازیں آج سےشروع کر رہی ہے۔ پاکستان میں کورونا سے پہلے اندرون ملک چلنے والی پروازوں کا 20 فیصد شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مقامی پروازوں کے آغاز کے لیے بنائے گئے ایس او پی کے مطابق جہاز صرف پچاس فیصد مسافروں کو لے کر جائے گا۔ جہاز میں سوار ہونے سے پہلے ہر مسافر کا تھرمل گن سے درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔ مسافروں کی اسکریننگ کی جائے گی۔، انہیں سینی ٹائز کیا جائے گا اور ماسک فراہم کیے جائیں گے۔
اسی طرح تمام ائیر پورٹس پر جب مسافر جہاز سے باہر نکلیں گے تو ان کی دوبارہ اسکریننگ ہو گی۔ تھرمل گن سے ان کا دوبارہ درجہ حرارت چیک کیا جائے گا اور اس کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی جائے گی۔
اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ ائیر پورٹس پر کورونا سے بچاؤ کے خصوصی اقدامات کر دیے گئے ہیں۔ کراچی سے لاہور کے لیے پی آئی اے کی پرواز دوپہر ایک بجے روانہ ہو گی۔
اسی طرح نجی ائیر لائن کی پرواز کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گی۔ کراچی سے آج 2 پروازیں آپریٹ ہوں گی۔ اندرون ملک فضائی آپریشن کی بحالی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔