وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عید الفطر پر 23 مئی سے 31 مئی تک چھٹیاں دی جائیں گی، حکومت پنجاب نے بھی وفاق کے فیصلے کی پیروی کا فیصلہ کیا ہے۔
چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز نے وفاق کے فیصلے سے اتفاق کیا ہے، عید کی چھٹیوں کا نوٹفکیشن وفاق جاری کرے گا جبکہ دیگر صوبے اس کے مطابق تعطیلات کا اعلان کریں گے۔
پنجاب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں چھٹیوں کا فیصلہ کیا جائے گا، اجلاس میں راجہ بشارت، اسلم اقبال اور دیگر اہم افراد شریک ہیں۔ عید پر پارکس کو بند رکھنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
وزیراعلیٰ کی باضابطہ منظوری کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب عید کی تعطیلات کا اعلان کرے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ماہ شوال کے چاند کی پیدائش 22 مئی 10 بجکر 40 منٹ پر ہو گی اس لیے 29 رمضان یعنی 23 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، 30 رمضان 24 مئی کو چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر حصوں میں اس دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، یکم شوال 25 مئی 2020 کو ہونے کا امکان ہے۔