پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پیر کی شب دہشت گردی کے دو واقعات میں ایف سی کے 7 اہلکار شہید ہو گئے۔
چھ اہلکار، جن میں ایک جونئیر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) بھی شامل تھے، مچھ کے علاقے پیرغائب سے پٹرولنگ کے بعد اپنے بیس کیمپ آ رہے تھے کہ ان کی گاڑی ایک بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔
حملے میں ایک سویلین ڈرائیور بھی شہید ہو گئے۔
شہدا میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار شامل ہیں۔
بلوچستان کے ضلع کیچ میں ہونے والے دوسرے واقعہ میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی امداد علی نے جام شہادت نوش کیا۔
اس سے قبل 8 مئی کو ایک افسر سمیت سیکیورٹی فورسز کے چھ جوان شہید ہو گئے تھے، پاک ایران سرحد کے قریب گشت کے دوران ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ ضلع کیچ کے علاقے بلیدا میں پیش آیا جو پاک ایران سرحد سے 14 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے جوان مکران کے پہاڑوں میں دہشت گردوں کے ممکنہ رستوں پر نظر رکھنے کے لیے گشت کر رہے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔