ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہوں نے گھر میں خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے بتایا کہ انہیں مسلسل کھانسی شروع ہو گئی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت نکلا۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ انہوں نے رپورٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھر تک محدود کر لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے گھر والوں کے بھی ٹیسٹ ہو چکے ہیں تاہم ان کا نتیجہ آنا ابھی باقی ہے۔
کراچی اس وقت پاکستان بھر میں سب سے زیادہ کورونا سے متاثرہ شہر ہے جہاں اب تک وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 53 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے مطابق کراچی میں آج بھی کورونا کے ایک ہزار 315 کیسز سامنے آئے ہیں۔
کراچی میں کورونا وبا کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مریضوں میں 700 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 116 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔
پاکستان بھر میں کورونا کے مصدقہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 622 ہو چکی ہے جبکہ 3501 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔