ایک بھارتی جیولر، جس نے چند روز قبل اپنی سالگرہ دھوم دھام سے منائی تھی کورونا میں مبتلاء ہونے کے بعد جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد تقریب میں شریک 100 افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
اسی تقریب میں شرکت کرنے والا جیولری کی چین کا مالک بھی کورونا کے باعث ہلاک ہو گیا ہے، حکام کے مطابق اسے اپنے میزبان سے وائرس منتقل ہوا۔
تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے حمایت نگر میں ایک بڑے جیولری اسٹور کے مالک نے ایسوسی ایشن کے 100 عہدیداروں کو اپنی سالگرہ کی تقریب میں مدعو کیا۔
دو روز بعد ہی اس میں کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہوئیں اور اسے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کر دیا گیا جہاں اس کا انتقال ہو گیا ہے۔
صحت کے حکام نے کانٹیکٹ ٹریسنگ شروع کر کے تقریب کے تمام شرکا کو الگ تھلگ کر کے ٹیسٹ لینے شروع کر دیے ہیں۔
حیدرآباد میں یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل ایک پولیس کانسٹیبل نے اپنے بیٹے کی سالگرہ پر مٹھائی بانٹی تھی، وہ کورونا کا شکار ہو گیا ہے اور مٹھائی لینے والے 12 افراد کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ڈائرکٹر پبلک ہیلتھ جی سری نواس راؤ کا کہنا ہے کہ یہ لوگ سپر سپریڈر ہیں جن کی وجہ سے حیدرآباد میں کورونا متاثرین کی تعداد بہت بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مسلسل پبلسٹی کے باوجود کئی لوگوں نے قواعد کی پیروی سے انکار کیا ہے، انہوں نے سالگرہ کی تقریبات، خاندان کا اکٹھ یا پھر نوجوانوں کی کسی کی غیرملک سے واپسی پر جمع ہونا اور ایسے دیگر تقریبات منعقد کر رہے ہیں۔