بھارت میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے اور روز بہ روز مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
اس وقت بھارت میں امریکہ اور برازیل کے بعد دنیا بھر میں سب سے زیادہ کورونا کے کیسز آ چکے ہیں، وزارت صحت کے مطابق اتوار کو بھارت میں کورونا کے 25 ہزار مریض سامنے آئے تھے جبکہ پیر کو یہ تعداد 23 ہزار تھی۔
بھارت میں جنوری میں پہلے مریض میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، اس وقت سے لے کر اب تک وبا سے تقریباً 20 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ملک بھر میں چین سے 8 گنا زیادہ مریض سامنے آ چکے ہیں جبکہ دونوں ممالک کی آبادی تقریباً ایک جتنی ہے۔
بھارت میں مریضوں کی کل تعداد 7 لاکھ سے بڑھ چکی ہے، ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بنگلور شہر میں ڈاکٹروں نے مریضوں کی دیکھ بھال کرنا چھوڑ دیا ہے۔
اس سے قبل شہر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں 44 ڈاکٹر اور 20 نرسیں کام کر رہی تھی، کورونا کے خوف سے اب صرف 5 ڈاکٹر اور 12 نرسیں کام کر رہی ہیں۔
بھارتی دارالحکومت دلی کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، ماہرین نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ ڈھائی کروڑ آبادی پر مشتمل اس شہر میں اس ماہ کے آخر تک کورونا کیسز کی تعداد 5 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔