اسلام آباد آج 24 چینل کے ملازمین اور صحافتی تنظیموں نے چینل کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، صحافی پیمرا گیٹ پر احتجاج ریکارڈ کرا رہے تھے کہ اچانک اسلام آباد پولیس اور پپمرا کے گارڈز نے مظاہرین پر ہلہ بول دیا۔
اس دوران پولیس نے لاٹھی چارج شروع کر دیا جبکہ پیمرا کے اندر سے گارڈز نے فائرنگ بھی کی جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
اس وقت پیمرا کے ملازمین دفتر کے اندر محصور ہیں جبکہ صحافی مظاہرین اور چینل 24 کے ملازمین پیمرا گیٹ کے سامنے بیھٹے ہیں جس کے باعث حالات کشیدہ ہیں۔
پیمرا کے باہر پولیس کی مزید نفری پہنچ گئی ہے جبکہ ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات بھی پیمرا آفس پہنچ گئے ہیں۔
یاد رہے کہ چینل 24 کا لائسنس پیمرا نے کینسل کر دیا تھا جس سے چینل کے سینکڑوں ملازمین بیروزگار ہو گئے تھے اور ملک میں کیبل آپریٹرز نے چینل کی نشریات بھی بند کر دی تھیں۔
صحافی تنظیمیں اس ظالمانہ اقدام پر سراپا احتجاج ہیں اور ان کے مطابق پی ٹی آئی حکومت آنے کے بعد میڈیا کو غیر قانونی سنسر شپ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ جیو نیوز کے مالک میر شکیل الرحمان جیل میں ہیں جبکہ نیو نیوز کا لائسنس بھی کینسل کیا گیا تھا۔