لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان الیکٹرانک ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کا حکم معطل کرتے ہوئے چینل 24 نیوز کا لائسنس بحال کر دیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں سٹی نیوز نیٹ ورک نے وفاقی حکومت اور پیمرا کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ پیمرا نے ان کا موقف سنے بغیر لائسنس معطل کیا ہے جو غیرقانونی اقدام ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ لاہور ہائی کورٹ چینل کا لائسنس بحال کرے۔
پیمرا کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سٹی نیوز نیٹ ورک کی درخواست لاہور ہائی کورٹ میں ناقابل سماعت ہے، چینل کے خلاف کارروائی اسلام آباد میں ہوئی ہے اس لیے درخواست بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ہونی چاہیئے۔
تاہم لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود نے 24 نیوز کا لائسنس بحال کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے وفاقی حکومت اور پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔