پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن (پی ایس ایم اے) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ کی طویل حکمرانی کا اختتام ہو گیا ہے اور ذکا اشرف پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کے نئے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔
اس سے قبل جہانگیر ترین گروپ کے نعمان احمد خان پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین تھے جنہیں اب ہٹا دیا گیا ہے۔
سیکرٹری پی ایس ایم اے نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں ایک سال کے لیے تین نئے ایگزیکٹو ارکان کا انتخاب ہوا ہے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایم اے میں چند روز قبل پروگریسو گروپ نے جہانگیرترین کی طویل حکمرانی کے خلاف بغاوت کی تھی، گروپ کے ترجمان وحید چوہدری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ جہانگیر ترین کا چینی کی صنعت میں اثرورسوخ اس انڈسٹری کے لیے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ وہ نعمان احمد خان کو پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کی چیئرمین شپ سے ہٹانے کی کوشش کریں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر ایف آئی اے نے انکوائری کی تھی جس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ملک میں چینی بحران سے سب سے زیادہ فائدہ جہانگیر ترین نے اٹھایا تھا۔
انکوائری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر مونس الہیٰ کی کمپنیوں نے اس بحران سے فائدہ اٹھایا تھا۔